21

مہنگی اور شاندار کاریں بنانیوالی کمپنی مرسڈیز نے ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا

لندن : امجد وٹو شعور نیوز
جرمن کار ساز ادارے ڈائملر نے گزشتہ برس عالمی سطح پر نئی مرسیڈیز گاڑیوں کی فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یوں یہ کمپنی لگژری کاریں بنانے والے ایک ادارے کے طور پر اپنی ’گلوبل لیڈرشپ‘ کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔ وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے پیر آٹھ جنوری کو مرسیڈیز گاڑیاں تیار کرنے والے ملکی ادارے ڈائملر کی طرف سے بتایا گیا کہ 2017ء میں اس ادارے نے دنیا بھر میں اپنی نئی گاڑیوں کی فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ڈائملر کے صدر دفاتر جنوبی جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ہیں اور مرسیڈیز بینز اس ادارے کا مشہور ترین برانڈ ہے۔ پچھلے سال اس کمپنی کی لگژری کاروں کی عالمی سطح پر فروخت میں جو ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، اس کی ایک بڑی وجہ چینی منڈی میں ان گاڑیوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ بھی تھا۔ڈائملر کے چیف ایگزیکٹو ڈیٹر سَیچے نے بتایا کہ گزشتہ برس اس کمپنی نے اپنی مجموعی طور پر قریب 2.3 ملین گاڑیاں فروخت کیں، اور یہ تعداد 2016ء کے مقابلے میں قریب 10 فیصد زیادہ تھی۔ اس طرح پچھلا سال اس جرمن ادارے کے لیے ایسا مسلسل ساتواں سال تھا کہ ڈائملر نے اپنی پیداوار اور کاروبا ر میں واضح ترقی کی منزل حاصل کر لی۔ ڈیٹر سَیچے نے کہا، ’’ہماری کمپنی کا کلیدی برانڈ مرسیڈیز بینز ہے اور 2017ء میں ایک بار پھر مرسیڈیز دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پریمیم برانڈ رہا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کاروباری ترقی کی یہ شرح اتنی اچھی رہی کہ گزشتہ برس نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں مرسیڈیز گاڑیوں کی فروخت میں مزید 1.7 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 193,534 رہی۔ ڈائملر کے سربراہ سَیچے نے صحافیوں کو بتایا، ’’ایک جرمن کمپنی کے طور پر ڈائملر آج بھی لگژری کاروں کی تیاری اور فروخت میں عالمی سطح کا ٹاپ برانڈ ہے اور ہم اپنی اس پوزیشن کا آئندہ مزید مضبوط بنائیں گے۔‘‘ماہرین کے نزدیک یہ مزید ترقی اس لیے بھی ممکن ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مرسیڈیز گاڑیوں کے ای کلاس اور ایس یو وی ماڈلز کی طلب میں ابھی تک غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں