33

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا آج اجلاس طلب کرلیا ہے

لاہور(شعور نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا آج اجلاس طلب کرلیا ہے،اجلاس میں سیاسی صورتحال اور بجٹ پر مشاور ت کی جائے گی، اجلاس میں آئندہ کیلئے پارٹی بیانیئے سے بھی ترجمانوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان بشکک کے دورے سے وطن واپسی پر کل بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال اور وفاق اور پنجاب میں بجٹ سے متعلق آئندہ کے لائحہ پر بھی مشاورت کی جائے گی۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں پارٹی بیانیہ سے بھی ترجمانوں کوآگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب سے بھی پارٹی رہنماء اور ترجمان شریک ہوں گے۔
واضح رہے حکومت کو وفاقی بجٹ کی منظوری اور ایوان کی کاروائی چلانے کیلئے شدید صورتحال کا سامنا ہے۔ خاص طور پر وزیراعظم کے صحابہ کرام سے متعلق بیان پر مذہبی رہنماؤں کی جانب سے بھی شدید ردعمل آیا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈ رقومی اسمبلی میاں شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی دھاندلی زدہ حکومت نے پہلا بجٹ پیش کیا۔
یہ تاریخ سے سب سے زیادہ دھاندلی زدہ حکومت ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت 2 منی بجٹ لے کرآئی ہے۔ پی ٹی آئی کی کارکردگی سے جھوٹ اور سچ قوم کے سامنے آچکا ہے۔ منی بجٹ سے معیشت تباہ کردی گئی۔ ڈالر آسمان پر پہنچا کرمعیشت کو کمزورکردیا گیا۔ بجٹ میں غریب آدمی کے منہ سے نوالہ چھین لیا گیا ہے۔ مزدوروں سے مزدروری چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10مہینوں سے سلیکٹڈ حکومت کی پرفارمنس انتہائی خراب ہے۔ حکومتی ارکان کے شورشرابے پرانہوں نے کہا کہ اسپیکر مجھے باربار اٹھا بٹھا کر کمر کا علاج کروا رہے ہیں، کیا یہ چاہتے ہیں کہ ہم ایسے ہی کریں جب لیڈ رآف دی ہاؤس ایوان میں خطاب کریں گے؟ شہبازشریف نے کہا کہ کل کو ہم سے گلہ نہ کرنا کہ ہم نے وزیراعظم کو ایوان میں تقریر نہیں کرنے دی۔

نیوز ایڈیٹر میاں مزمل منیر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں