10

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پولیس افسران کا پانچ روزہ تربیتی کورس اختتام پذیر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان کی خصوصی شرکت

لاہور (کامران اکرم خان) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پولیس افسران کےلئے جاری پانچ روزہ تربیتی کورس اختتام پذیر ہو گیا. اختتامی تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے خصوصی شرکت کی. اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری ہمایوں امتیاز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی عبدالستار، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ابوبکر خدابخش، لاہور ہائی کورٹ کے افسران، جوڈیشل اکیڈمی کے انسٹرکٹرز و افسران اور پولیس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی.

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایک اہم فریضہ انجام دیتے ہوئے نظام انصاف سے جڑے تمام اداروں کو تربیت فراہم کررہی ہے. انہوں نے کہا کہ کریمینل مقدمے میں تفتیش ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے. اگر تفتیش ناقص ہو تو سارا مقدمہ خراب ہوجاتا ہے اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو پاتے. دنیا میں نئے نئے تفتیشی طریقہ کار اپنائے جارہے ہیں اور یہ تمام سہولیات پاکستان میں بھی میسر ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے تفتیشی افسران روایتی طریقوں پر انحصار کرتے ہیں. ہم نے اپنے اندر جدت پیدا کرنی ہے اور سب سے اہم اصول کو مدنظر رکھنا ہے کہ کوئی بھی تفتیش جھوٹ پر مبنی نہیں ہونی چاہیئے. فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس تربیتی کورس کے اثرات اور ثمرات بہت جلد معاشرے میں نمایاں نظر آئیں گے اور گناہگار کو سزا اور بے قصور کو انصاف ملتا ہوا نظر آئے گا.

تقریب کے اختتام پر فاضل چیف جسٹس نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے پولیس افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں.

قبل ازیں اختتامی سیشن سے ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تربیتی کورس کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں